جوکووچ کو شکست، اینڈی مرے اٹالین اوپن کے فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایک گھنٹہ اور 35 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں فتح کے بعد مرے رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں

اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے سربیا کے نوویک جوکووچ شکست دے کر پہلی بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

اینڈی مرے نے اتوار کو اپنی سالگرہ کے موقعے پر کھیلے جانے والے فائنل میں جوکووچ کو چھ تین، چھ تین سے شکست دی۔

مرے نے میچ شروع ہونے سے پہلے کہا تھا کہ ’پریکٹس تو بہت کی ہے۔ امید ہے کہ ٹرافی جیت کر جشن مناؤں گا اور یہ آج میری سالگرہ کے دن بہترین تحفہ ہوگا۔‘

ایک گھنٹہ اور 35 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں فتح کے بعد مرے 22 مئی سے شروع ہونے والے فرنچ اوپن سے پہلے عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آ جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

اینڈے مرے 1931 کے بعد اٹالین اوپن میں مردوں کے سنگلز جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے 1931 میں جارج پیٹرک ہیگلز نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب ٹاپ سیڈ امریکہ کی سرینا ولیمز نے ہم وطن میڈیسن کیز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

روم میں جاری مقابلوں کا فائنل میچ سرینا نے سات چھ اور چھ تین کے سکور سے باآسانی جیتا۔

یہ گذشتہ نو ماہ میں 34 سالہ سرینا کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption خواتین کے ڈبل مقابلوں میں انڈین ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس پر مشتمل جوڑی فاتح رہی

انھوں نے گذشتہ اگست میں سنسیناٹی اوپن میں فتح حاصل کی تھی تاہم اس کے بعد انھیںآسٹریلیناور یو ایس اوپنکے علاوہ انڈیانا ویلز میں بھی فائنل میں شکست ہوئی تھی۔

21 سالہ کیز نے میچ کے آغاز میں عمدہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہی گیم میں سروس بریک کی لیکن ولیمز نے جلد ہی کھیل میں واپسی کرتے ہوئے پہلے سیٹ تین تین سے برابر کیا اور پھر ٹائی بریکر پر سیٹ جیت لیا۔

دوسرے سیٹ میں مقابلہ یکطرفہ رہا اور یہ سیٹ چھ تین سے سرینا کے نام رہا۔

خواتین کے ڈبل مقابلوں میں انڈین ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس پر مشتمل جوڑی فاتح رہی۔

فائنل میں ثانیہ اور مارٹینا نے روسی جوڑی یا کیٹرینا ماکاروا اور الینا وزنینا کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

اسی بارے میں