یاسر شاہ کو فٹ ہونے میں پانچ ہفتے لگیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption گھٹنے کی تکلیف کے سبب یاسر شاہ تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کر سکے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہونے میں چار سے پانچ ہفتے لگیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو اس دوران فزیکل تھیراپی کرانی ہوگی اور بحالی کے اس پروگرام میں مہینہ لگے گا۔

یاد رہے کہ یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف کے سبب ایبٹ آباد میں ہونےوالے پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اگر وہ مکمل فٹ ہوگئے تو انگلینڈ کے دورے میں ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوسکیں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ چودہ جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

یاسر شاہ کو گھٹنے کی یہ تکلیف گزشتہ نومبر میں انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوران ہوئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یاسر شاہ ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں بھی آگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں تین ماہ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا

اسی دوران وہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں بھی آگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں تین ماہ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ نیوزی لینڈ کے دورے، پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر رہے تھے۔

انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا کیمپ ہمپشائر کاؤنٹی میں بھی لگانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ کھلاڑی وہاں کے موسم اور وکٹوں سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرسکیں۔

یاسر شاہ کی اس کیمپ میں شرکت یقینی نہیں۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین محمد حفیظ کے گھٹنے کا علاج جاری ہے ۔ یہ تکلیف انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ صرف دو میچز کھیلنے میں کامیاب ہوسکے تھے۔

اسی بارے میں