مرینیو مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے مینیجر ہوں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 53 سال پرتگالی مرینیو فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کوچوں میں سے ایک رہے ہیں

بی بی سی سپورٹس کو معلوم ہوا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ ہوزے مرینیو کو اپنا نیا مینیجر مقرر کرے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ 53 سال پرتگالی مرینیو نے ہفتے کے روز ایف اے کپ کے فائنل میں یونائٹڈ کی کرسٹل پیلس کے خلاف فتح سے پہلے ہی اصولی طور پر ٹیم کا مینیجر بننے پر اتفاق کر لیا ہے۔

ہفتے کی شام مانچسٹر یونائیٹڈ نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود ویمبلی میں کھیلے جانے والے میچ کے اضافی وقت میں کرسٹل پیلس کو شکست دے دی۔

مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا تھا جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا۔ میچ کے 110ویں منٹ میں یونائیٹڈ کے لِنگارڈ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

اس سے قبل یونائیٹڈ حالیہ مینیجر لوئی وان گال کے دور میں چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی، جس کے بعد سے کلب کے کرتا دھرتاؤں نے محسوس کیا کہ تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔

مرینیو کو دسمبر میں چیلسی نے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد سے وہ بےروزگار تھے۔

کلب کا ارادہ ہے وہ مرینیو کی آمد کا اعلان اگلے ہفتے کریں گے اور وان گال کو بتا دیا جائے گا کہ ان کی ملازمت ختم کر دی گئی ہے۔

نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے وان گال کے تین سالہ مدتِ ملازمت کا ایک سیزن ابھی باقی ہے، لیکن نئے کھلاڑیوں پر 25 کروڑ پاؤنڈ خرچ کرنے کے باوجود ان کے دور نے بہت سے مداحوں کو مایوس کیا ہے، اور کلب پریمیئر لیگ میں پہلے چوتھے اور پھر پانچویں نمبر پر آیا۔

اس سیزن میں وان گال کی اپنی ملازمت پر گرفت خاصی ڈھیلی رہی، جب کہ مرینیو یونائیٹڈ کے احیا کے مشتاق رہے ہیں۔

مرینیو فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کوچوں میں سے ایک رہے ہیں۔ انھوں نے سٹیمفرڈ برج میں کوچنگ کرتے ہوئے دو ٹائٹل جتوائے، جب کہ وہ پورٹو اور انٹرمیلان کو بھی چیمپیئنز لیگ جتوا چکے ہیں۔

اسی بارے میں