’مجھے دور رکھیں اور دیکھیں نوجوان کہاں کھڑے ہیں؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP

پاکستان کے معروف کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ملک کو ان کی ضرورت ہوئی تو اس موسم گرما میں پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

شاہد آفریدی نے بی بی سی ساؤتھ ٹو ڈے کو بتایا کہ وہ قومی ٹیم سے اس لیے دور ہیں کیونکہ سلیکٹرز ’نوجوانوں کو چانس دینا چاہتے ہیں۔‘

٭ پاکستانی ٹیم کے 22 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

٭ ’ایک شخص کو ذمے دار ٹھہرانا ٹھیک نہیں‘

٭ آفریدی، حفیظ کی فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذوری

ان کا مزید کہنا تھا کہ’میں نے سلیکٹروں کو بتایا ہے کہ اچھا ہے کہ وہ مجھے دور رکھیں اور دیکھیں کہ نوجوان کہاں کھڑے ہیں‘؟

پاکستان کے 36 سالہ آل راؤنڈر سنہ 2011 کے بعد ہیمشائر کی جانب سے مڈل سیکس کے خلاف جمعے کو پہلا میچ کھیلیں گے۔

شاہد آفریدی کے مطابق ’میں اس موسمِ گرما میں اپنی کاؤنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر خوش ہوں اور پھر بعد میں کیا ہوتا ہے دیکھوں گا۔‘

انھوں نے کہا ’اگر وہ (پاکستان) مجھے بعد میں لینا چاہے تو میں دستیاب ہوں گا۔‘

واضح رہے کہ شاہد آفریدی رواں برس مارچ میں انڈیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے کپتان تھے تاہم ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انھوں نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کپتانی چھوڑ دی تھی۔

شاہد آفریدی نے گذشتہ سال مارچ سے کوئی ایک روزہ بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے۔ انھوں نے آخری بار سنہ 2010 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

اسی بارے میں