ماریہ شراپووا پابندی کے باوجود اولمپکس ٹیم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن نے پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن کو 12 مارچ سے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا

روس نے اگست میں ہونے والے ریو اولمپکس مقابلوں کے لیے اپنی ٹینس ٹیم میں اس وقت ممنوعہ ادویات کے ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد پابندی کا سامنا کرنے والی ٹینس سٹار ماریہ شراپووا کو بھی شامل کر لیا ہے۔

روس سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ ماریہ شیراپووا کا جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوران میلڈونیم نامی دوا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

٭’روسی ایتھلیٹس کی دھوکہ دہی پر شرمندہ ہیں‘

٭اولمپکس:31 کھلاڑیوں پر پابندی لگنے کا امکان

تاہم روس کی ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ’ریو اولمپکس میں ماریہ شراپووا کی شمولیت کا مسئلہ رواں ہفتے حل کر لیا جانا چاہیے۔‘

روس کے ٹریک اور فیلڈ ایتھلٹس پر حالیہ ڈوپنگ سکینڈل کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی ہے تاہم دیگر کھیلوں میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن نے پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن کو 12 مارچ سے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے اپریل میں تسلیم کیا تھا کہ سائنسدانوں کو اس بات کا یقین نہیں ہے کہ میلڈونیم کتنا عرصہ سسٹم میں رہی، جس کے بعد ایجنسی نے کہا کہ وہ ایتھلیٹس جن کے ٹیسٹ یکم مارچ سے قبل مثبت آئے تھے، پابندی سے بچ سکتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اگر ماریہ شراپووا مقابلوں میں حصہ نہیں لے پاتیں تو ان کی جگہ عالمی نمبر 29 ایکاترینا ماکارووا ان مقابلوں میں حصہ لیں گی

تاہم ماریہ شراپووا پہلے ہی تسلیم کر چکی ہیں کہ وہ میلڈونیم دوا یکم جنوری جب اسے ممنوعہ ادویات میں شامل کیا گیا سے بہت پہلے سے استعمال کر رہی ہیں۔

گذشتہ ہفتے ماریہ شراپووا نے لندن میں اینٹی ڈوپنگ پینل کے سامنے پیش ہونا تھا اور اس موقع پر روس کی ٹینس فیڈریشن نے کہا تھا کہ شاید اب ماریہ سراپووا دوبارہ نہ کھیل پائیں۔

لیکن جمعرات کو فیڈریشن کے صدر شامل تارپسکیو نے نیوز ایجنسی آر سپورٹس کو بتایا کہ ’ماریہ شراپووا کا نام ہم نے اولمپکس درخواست میں شامل کیا ہے جسے چھ جون تک جمع کروانا ہے۔‘

اگر ماریہ شراپووا مقابلوں میں حصہ نہیں لے پاتیں تو ان کی جگہ عالمی نمبر 29 ایکاترینا ماکارووا ان مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

اسی بارے میں