میکسیکو کے فٹبالر ایلن پلیڈو اغوا کر لیےگئے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایلن پلیڈو نے اولمپیاکس میں گذشتہ جولائی میں شمولیت اختیار کی اور سیزن کا اختتام 15 میچوں میں چھ گول کے ساتھ کیا (فائل فوٹو)

حکام کا کہنا ہےکہ میکسیکو کے فٹبالر ایلن پلیڈو شمالی سرحدی ریاست تاماولیپاس سے اغوا ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق 25 سالہ سٹرائکر کو اتوار کے روز سیوداد وکٹوریا میں ان کے گھر کے قریب سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک پارٹی سے آرہے تھے۔

ایلن پلیڈو یونان کی ٹیم اولمپیاکس کے لیے کھیلنے کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے لیے بھی کئی میچ کھیل چکے ہیں۔

میکسیکو میں اغوا کی شرح دنیا میں سب زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال تقریباً ایک ہزار افراد اغوا کر لیے جاتے ہیں۔

جبکہ بعض کا کہنا ہےکہ یہ صحیح اعداد و شمار اس سے دس گناہ زیادہ ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایلن پلیڈو اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ سنیچر کو رات گئے پارٹی سے واپس آرہے تھے کے چند گاڑیوں نے ان کی گاڑی کا گھراؤ کیا۔

اطلاعات کے مطابق چھ افراد جنھوں نے چہرے چھپائے ہوئے تھے نے میکسیکن فٹبالر کو ’زبردستی‘ گاڑی سے اتارا اور ساتھ لے گئے جبکہ ان کی گرل فرینڈ کو وہیں چھوڑ دیا۔

ایلن پلیڈو نے اولمپیاکس میں گذشتہ جولائی میں شمولیت اختیار کی اور سیزن کا اختتام 15 میچوں میں چھ گول کے ساتھ کیا۔