کک 10 ہزار رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی

الیسٹر کک تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption الیسٹر کک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 12 ویں کھلاڑی اور دوسرے اوپنر ہیں جنھوں نے 10 ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بیٹسمین بن گئے ہیں۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان چیسٹر لی سٹریٹ کے سٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 31 سال، پانچ مہینے اور پانچ دن کے الیسٹر کک اپنے پانچ رنز مکمل کر کے حاصل کیا۔

اس سیریز کے آغاز میں انھیں سچن تندولکر کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے 36 رنز درکار تھے جو ابھی تک سب سے کم عمری میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے۔

سچن تندولکر نے31 سال 10 ماہ اور 20 دن کی عمر میں ٹیسٹ میچوں میں دس ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

الیسٹر کک نے یہ اعزاز سری لنکن باؤلر نوان پرادیپ کو چوکا لگا کر حاصل کیا اور اس کے بعد انگلینڈ کی بالکونی کی طرف منہ کر کے سلیوٹ کیا۔

الیسٹر کک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 12 ویں کھلاڑی اور دوسرے اوپنر ہیں جنھوں نے 10 ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔

ان سے پہلے سچن تندولکر، برائن لارا، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، راہل ڈراوڈ، مہیلا جے وردھنے، سنیل گواسکر، ژاک کیلس، ایلن بارڈر، شیو نارائن چندر پال اور سٹیو وا یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

انھوں نے گذشتہ مئی ہیڈنگلے میں انگلش بیٹسمین گراہم گوچ کا 8900 کا ریکارڈ توڑا تھا اور انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے تھے۔

الیسٹر کک اپنا 128 ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور اب تک ان میں 28 سنچریاں بنا چکے ہیں جو کہ خود بھی کسی بھی انگلش کھلاڑی کا ریکارڈ ہے۔

الیسٹر کک کو دو ہزار تیرہ سے دو ہزار پندرہ تک خاصی تگ ودو کا سامنا رہا تاہم اس کے بعد انھوں نے دوبارہ اپنی فارم حاصل کی اور ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سنچریاں بنانے کے بعد گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کرڈالی۔

الیسٹر کک نے موجودہ انگلش کاؤنٹی سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے چار سنچریاں بنا ڈالی ہیں جس کے سبب ایسیکس نے ان سے دو سال کا نیا معاہدہ کرلیا ہے۔

الیسٹر کک کے بعد عصرحاضر کے بیٹسمینوں میں پاکستان کے یونس خان دس ہزار رنز کے قریب تر ہیں۔

یونس خان104 ٹیسٹ میچوں میں 9116 رنز بنا چکے ہیں۔

اسی بارے میں