محمد حفیظ کےگھٹنے کا ایک اور ’ایم آر آئی‘ سکین

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برطانوی معالج رپورٹ دیکھنے کے بعد محمد حفیظ کو مشورہ دیں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین محمد حفیظ نے پیر کے روز کراچی میں اپنے گھٹنے کا ایک اور ایم آر آئی سکین کرایا ہے ۔

محمد حفیظ پیر کی صبح لاہور سے کراچی پہنچے تھے جہاں انھوں نے اپنا ایم آر آئی سکین کرایا جس کی رپورٹ وہ لندن میں ری ہبلیٹیشن سرجن کو بھیجنے والے ہیں جن سے وہ ان دنوں رابطے میں ہیں۔

* محمد حفیظ کی فٹنس باعثِ تشویش

برطانوی معالج رپورٹ دیکھنے کے بعد محمد حفیظ کو مشورہ دیں گے کہ ان کا علاج کس طرح ممکن ہے اور کیا انھیں آپریشن کی ضرورت تو نہیں ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں ڈاکٹر نے محمد حفیظ کے گھٹنے کا معائنہ کرنے اور ان کی رپورٹس دیکھنے کے بعد اسے باعث تشویش قرار دیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اس حالت میں محمد حفیظ سے رننگ اور ایکسرسائز نہیں کرانی چاہیے تھی۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے بعد انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو ڈاکٹروں، ڈاکٹر سہیل سلیم اور ڈاکٹر ریاض کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خود کو فٹ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تقریباً دو ماہ گزرجانے کے باوجود وہ ابھی تک گھٹنے کی تکلیف سے چھٹکارہ نہیں پا سکے ہیں۔

موجودہ حالات میں محمد حفیظ کا انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونا ممکن دکھائی نہیں دے رہا جس کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

اسی بارے میں