سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیمز اینڈرسن نے ميچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں لیں اور مین آف دا میچ قرار پائے

انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن چندیمل کی سنچری کے باوجود سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست۔

اس سے قبل تیسرے دن کھیل کے اختتام پر فالو آن کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے تھے اور انھیں پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 88 رنز درکار تھے۔

چندیمل نے آؤٹ ہونے سے قبل 126 رنز بنائے اور ان کی سنچری نے سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لیں اور انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گيا۔ انھوں نے میچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں لیں۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اتوار کو جب میچ کے تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل 54 اور ملیندا سری وردنے 35 رنز پر کھیل رہے تھے اور پیر کو سری وردنے اسی سکور پر اینڈر سن کا شکار بنے لیکن اس کے بعد رنگنا ہیرتھ کے ساتھ چندیمل کی 116 رنز کی شراکت نے سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔ ہیرتھ نے 61 رنز بنائے اور انھیں بھی اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

سنیچر کو سری لنکا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 101 رنز پر آوٹ ہو گئی، جس کے باعث سری لنکا کو فالو آن کرنا پڑا۔

اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے سری لنکا کی ٹیم کے لیے 397 رنز ضروری تھے۔

پہلی اننگز میں تین کے سکور پر آؤٹ ہونے والے سری لنکن بلے باز میتھیوز نے اتوار کو اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 80 رنز بنا کر اینڈرسن کا نشانہ بنے۔

اتوار کو آوٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر سلوا 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لیڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو تین روز میں ہی ایک اننگز اور 88 رنزسےشکست دی تھی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 498 بنا کراننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات معین علی کی سنچری تھی جنھوں نے 155 رنز کی شانداراننگز کھیلی۔

اسی بارے میں