سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویسٹ انڈیز نے گذشتہ ایک دہائی میں تیسری بار جنوبی افریقہ کو کسی ون ڈے میں شکست دی ہے

ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے سنیل نارائن کی بہترین بولنگ اور کیون پولارڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ویسٹ اندیز کے شہر گیانا میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن سنیل نارائن کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں صرف 188 رنز بنا آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سے کم سکور پر 1992 میں آؤٹ ہوئی تھی۔

سنیل نارائن نے 27 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں جبکہ دو وکٹیں بریتھ ویٹ اور ایک ایک وکٹیں ٹیلر اور ہولڈر کے حصے میں آئیں۔

سنیل نارائن کے کریئر کی یہ بہترین کار کردگی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ریلی روسو نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جبکہ ڈی کاک 30 ، ہاشم آملا 20، ڈی ولیئرز 31 اور ڈومنی 23 رنز بناکر نمایاں سکورر رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنیل نارائن نے اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کی

ویسٹ انڈیز نے کیرون پولارڈ کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 11 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ پولارڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر 67 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ اوپنر چارلس اور ڈیرن براوو نے بالترتیب 31 اور 30 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آرن فان گیسو نے 40 رنز کے عوض تین جبکہ عمران طاہر نے 41 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ جے پی ڈومنی نے لی۔

خیال رہے کہ پولارڈ اور سنیل نارائن کی ایک عرصے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

اس سہ فریقی ٹورنامنٹ میں تیسری ٹیم آسٹریلیا ہے جس کا پہلا میچ میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کے ساتھ پانچ جون اتوار کو ہے۔

ٹورنامنٹ میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے سے تین تین میچ کھیلیں گی۔ جبکہ اس کا فائنل 26 جون کو باربادوس میں ہوگا۔

اسی بارے میں