میرینو کی پہلی خریداری، 30 ملین پاؤنڈ میں ایرک بیلی

تصویر کے کاپی رائٹ AP

مشہور فٹبال کوچ جوزے میرینو مانچسٹر یونائیٹڈ کا کوچ بننے کے بعد دفاعی کھلاڑی ایرک بیلی کو خرید رہے ہیں۔

ہسپانوی کلب ولا ریال کے لیے کھیلنے والے افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے بائیس سالہ ایرک بیلی سپین کی لالیگا میں چالیس کے قریب میچ کھیل چکے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرک بیلی مانچسٹر یونائیٹڈ کو 30 ملین پونڈ میں پڑیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

ایرک بیلی کا مانچسٹر یونائیٹڈ کےلیے میڈیکل چیک اپ رواں ہفتے ہونا طے ہے اور اگر میڈیکل میں کوئی مسئلہ نہ ہوا تو جوزے میرینو کے انچارج بننے کے بعد وہ پہلے کھلاڑی ہوں گے جنھیں ان کے دور میں خریدا گیا۔

ڈچ کوچ وان گال کے دور میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے کھلاڑی خریدنے پر قریباً 200 ملین سے زیادہ پاؤنڈ سے زیادہ رقم خرچ کی ہے لیکن وہ ٹیم کو پریمیئیر لیگ کی پہلی چار ٹیموں میں لانے میں ناکام رہے ہیں۔ وان گال کو معاہدے کی مدت سے ایک سال پہلے ہی فارغ کر دیا گیا تھا۔

مانچسٹر یونائٹیڈ کلب ستائیس سال تک مینجر رہنے والے ایلکس فرگوسن کی ریٹائرمنٹ کے بعد تین سالوں میں تین کوچ تبدیل کر چکا ہے۔ ایلکس فرگوسن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیوڈ موے کو کوچ مقرر کیا گیا لیکن ایک سال بعد انھیں فارغ کر کے ڈچ کوچ وان گال کوتین سال کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا لیکن انھیں بھی دو سال بعد فارغ کر کے جوزے میرینو کو ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے۔

جوزے میرینو کو انگلش پریمیئر لیگ میں الیکس فرگوسن کے بعد سب سے کامیاب کوچ تصور کیا جاتا ہے۔ جوزے میرینو نے بطور چیلسی کوچ تین پریمئیر لیگ ٹائیٹل جیتے لیکن گذشتہ برس چیلسی کلب کی بری کارکردگی کی وجہ سے انھیں فارغ کر دیا گیا تھا۔

ہسپانوی کلب ولا ریال نے ایرک بیلی کو جنوری 2015 میں 4.4 ملین پونڈ کے عوض خریدا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

اطلاعات کےمطابق ایرک بیلی کےعلاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ مشہور 34 سالہ سویڈش سٹرائیکر زلتان ابراہیمووچ کو خریدنے کی تیاری کر رہا ہے۔

زلتان ابراہیمووچ کا فرانسیسی کلب پی ایس جی کے ساتھ چا ر سالہ معاہدہ ختم ہونے والا ہے اور اس کے بعد وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو جوائن کر لیں گے۔

ہسپانوی فٹبال ماہر اینڈی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ایرک بیلی کی شہرت میں گذشتہ ایک سال میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور وہ ولا ریال کی پہلی ٹیم کے مستقل ممبر بن چکے ہیں۔

اینڈی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ایرک بیلی کا اثاثہ ان کی رفتار، جسمانی طور پر مضبوط ہونا اور ان کی دلیری ہے۔

اینڈی ویسٹ کے مطابق ایرک بیلی کئی مرتبہ خطرناک جگہوں پر گیند کا کنٹرول کھو دیتے ہیں لیکن وہ اس پر قابو پا کر بہترین دفاعی کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔

اسی بارے میں