’ٹیم کو بےخوف ہو کر کھیلنے کا موقع دینا چاہتا ہوں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مکی آتھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ وہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بےخوف ہو کر کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی شہریت رکھنے والے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ ٹیم کی خامیاں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے ان کے پاس مربوط منصوبہ بندی ہے تاہم وہ اس کے لیے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔

’ہمیں ٹیم کی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔ ہم غلطیوں سے سیکھ کر بہترین ٹیم بن سکتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ کرکٹ ٹیم کے کوچ کے حیثیت سے ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ’میری انضمام الحق اور پی سی بی حکام کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ کوچ، کپتان، سلیکشن کمیٹی اور کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔‘

پاکستان کرکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں طویل عرصے تک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔‘

مکی آرتھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ٹیم باصلاحیت اور کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

’عالمی سطح پر ٹیم کی درجہ بندی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption مکی آرتھر کے مطابق ان کی چیف سلیکٹر انضمام الحق اور پی سی بی حکام کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’انفرادی کے بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔‘

دورۂ انگلینڈ کے لیے منتخب کردہ سکواڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے۔

’ہمارا پہلا ہدف انگلینڈ کے خلاف سیریز ہے اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ہمیں جلد از جلد تیاری کرنا ہوگی۔‘

فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے مکی آرتھر نے کہا کہ انھوں نے پی ایس ایل میں محمد عامر کو بولنگ کرواتے دیکھا اور وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر محمد عامر ٹیم میں منتخب ہوتے ہیں تو ان کا کردار انھیں بہترین کھلاڑی کی طور پر پیش کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو دو سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

انھوں نے وقار یونس کی جگہ لی ہے جنھوں نے ورلڈ ٹوئنٹی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

مکی آرتھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پانچویں غیر ملکی کوچ ہیں۔ ان سے پہلے رچرڈ پائی بس، باب وولمر، جیف لاسن اور ڈیو واٹمور قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔

اسی بارے میں