فرانس میں مظاہروں سے یورو کپ متاثر ہونے کا خدشہ

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے خبردار کیا ہے کہ یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کو احتجاجی مظاہروں کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

جمعے کو یورو 2016 کا افتتاحی میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ ٹرین ڈرائیوروں نے پیرس کے باہر سے سٹیڈیم فرانس آنے والی ریلوے لائن کو بند کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

خیال رہے کہ فرانس میں اس وقت ملازمین ملازمت کے قوانین میں اصلاحات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

سٹیڈیم فرانس جمعے کی شام فرانس اور رومانیہ کے درمیان کھیلے جانے والے افتتاحی میچ کی میزبانی کرے گا۔

رواں ہفتے پیرس اور کئی دیگر شہروں میں شائقینِ فٹبال کی آمد پر ان کا استقبال کوڑے کے ڈھیروں کے ساتھ کیا گیا کیونکہ ٹریڈ یونینوں نے کوڑا جلائے جانے والی جگہ بند کر رکھی تھی۔

صدر اولاند کا کہنا ہے کہ ’بغیر کسی حادثے کے اس ٹورنامنٹ کے آغاز کی یقین دہانی کروانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘

جمعرات کو فرانسیسی صدر نے کہا کہ ’میں ہر کسی سے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں، کیونکہ اگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتی ہے، جو وہ کرے گی، تو پھر وہ تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

’اس کے ساتھ ساتھ احتجاج کرنے والوں اور ان کا انتظام کرنے والوں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ بھی اس شاندار ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں حصہ لیں۔‘

دوسری جانب فرانس کے کھیلوں کے وزیر تھیئری بریلارڈ نے یونین سے شائقینِ فٹبال کے بارے میں سوچنے کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ احتجاج بعد میں بھی کیے جا سکتے ہیں، ٹورنامنٹ کے آغاز کا وقت آن پہنچا ہے جس کے دوران مظاہرین مداحوں کو سٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکیں گے، یہ معمولی بات نہیں ہے۔‘

تاہم پیرس میں سی جی ٹی یونین کے سیکریٹری جنرل اور ٹرین ڈرائیور برینگنر کرنر کا کہنا ہے کہ ’ہم نے تاریخوں کا تعین نہیں کیا۔ ہم نے اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ یورو ان تاریخوں پر ہو۔ یہاں ایک سماجی تحریک چل رہی ہے، تنظیمِ نو جاری رہے گی اور ملازمین کے قوانین قائم رہیں گے۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ پیرس میں تقریباً تین ہزار ٹن کوڑا نہیں اٹھایا گیا۔

دوسری جانب حکومت نے ٹورنامنٹ کے موقعے پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں اور ایک ماہ تک جاری رہنے والے مقابلوں کی سکیورٹی کے لیے 90 ہزار پولیس اور سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔

اسی بارے میں