اسٹیو رکسن کو فیلڈنگ کوچ بنائے جانے کا امکان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سٹیو رکسن 13 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر سٹیو رکسن سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ بنائے جانے کے بارے میں رابطہ کیا ہے۔

سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو انگلینڈ کے دورے میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا بولنگ کوچ بنایا جارہا ہے جبکہ سابق آل راؤنڈر اظہرمحمود کو ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے بولنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی ۔

اس ضمن میں باضابطہ اعلان بدھ کے روز متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ یہ تقرریاں ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی خواہش پر کرنے والا ہے جو یہ چاہتے ہیں کہ مشتاق احمد انگلینڈ کے دورے میں ان کے ساتھ ہوں۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز میں مشتاق احمد کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

مشتاق احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں قومی اکیڈمی کا کوچ مقرر کیا تھا ۔

اظہرمحمود اس سال ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی20 میں بھی پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ تھے۔

سٹیو رکسن 13 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکےہیں۔

وہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں اس کے علاوہ انھوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور آئی پی ایل میں چنئی سپرکنگز کے کوچ کی ذمہ داری بھی نبھائی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سٹیو رکسن نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں

انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں مکی آرتھر ( ہیڈ کوچ )، گرانٹ فلاور ( بیٹنگ کوچ )، سٹیو رکسن ( فیلڈنگ کوچ )، مشتاق احمد ( بولنگ کوچ ٹیسٹ )، اظہرمحمود ( بولنگ کوچ ون ڈے / ٹی20 )،گرانٹ لوڈن ( ٹرینر)، شین ہیز ( فزیو) اور طلحہ اعجاز ( وڈیو اینلسٹ ) شامل ہوں گے۔

انتخاب عالم ٹیم کے منیجر جبکہ کرنل اعظم سکیورٹی افسر ہوں گے۔

ٹیم کے ساتھ مرحلہ وار تین میڈیا منیجرز امجد حسین بھٹی، آغا اکبر اور رضا راشد بھی انگلینڈ جائیں گے۔

اتنی بڑی تعداد میں ٹیم آفیشلز کو انگلینڈ بھیجنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کے اس دعوے کی نفی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ دورے میں بڑی تعداد میں آفیشلز نہیں رکھے جائیں گے۔

اسی بارے میں