یورو 2016: سلواکیا نے روس کو ہرا دیا

میچ تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میچ کا پہلا ہاف سلواکیا کا رہا جس نے روس کے خلاف دو گول کر ڈالے

یورو 2016 کے گروپ بی میں سلواکیا نے روس کو ایک کے مقابلے دو گول سے ہرا دیا ہے۔

سلواکیا نے دونوں گول کھیل کے پہلے ہاف میں کیے۔

پہلا گول کھیل کے 32 ویں منٹ میں ویز نے کیا جبکہ دوسرا گول 45 ویں منٹ میں ہیمسک نے کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں روس کی ٹیم اس طرح نہیں کھیل پائی جس کی وہ اہل تھی۔ لیکن دوسرا ہاف قدرے بہتر کھیلا اور یک بعد دیگرے حملے کرتے رہے۔

انگلینڈ کے سابق ونگر ٹریور سنکلیئر روس کے کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ روس کا گیم پلان کیا ہے۔ جب وہ پھیل جاتے ہیں تو ان کی کراسنگ بہت بری ہو جاتی ہے اور جب وہ مڈل میں کھیلتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ ان کے پاس آئیڈیاز کا فقدان ہے۔‘

کھیل کے دوسرے ہاف میں روس نے اپنے دو مِڈفیلڈر تبدیل کیے۔ رومن نیوسٹیڈٹر اور الیگزانڈر گولوون کی جگہ پاویل اور ڈینس گلوشاکوف کو لایا گیا۔ ڈینس گلوشاکوف نے آتے ہی کھیل کے 80 ویں منٹ میں نہایت خوبصورت پاس ملنے کے بعد ہیڈر سے گول کر دیا۔

روس کی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے اور اس کے کھلاڑی سلواکیا پر کوئی بھی دباؤ نہ ڈال سکے۔

میچ کے 87 ویں منٹ میں روس کو ایک اور موقع ملا لیکن گول سکورر ڈینس گلوشاکوف کی کک باہر چلی گئی۔

لیکن اس کے بعد سلواکیا کی پوری ٹیم دفاع پر آ گئی اور روس کے کئی حملے روکے۔

روس دو میچ کھیل کر ایک جبکہ سلواکیا دو میچ کھیل کر تین پوائنٹ حاصل کر چکا ہے۔

اسی بارے میں