یورو 2016: پولینڈ، جرمنی، ترکی اور کروئیشیا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پولینڈ پہلی بار یورپیئن فٹبال چیمپیئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا ہے

فرانس میں کھیلے جانے والے یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ میں پولینڈ نے یوکرین کو، جب کہ جرمنی نے شمالی آئرلینڈ کو شکست دی، تاہم اس نے گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے کے باوجود اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پولینڈ پہلی بار یورپیئن فٹبال چیمپیئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا ہے، جب کہ یوکرین ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

اب کوارٹر فائنل میں جگہ پانے کے لیے شمالی آئرلینڈ کا مقابلہ ویلز یا فرانس سے ہو گا۔

شمالی آئرلینڈ کو ترکی کی چیک رپبلک کے خلاف دو صفر کی جیت سے فائدہ پہنچا اور اس نے گولوں کے فرق کی بنا پر چیک رپبلک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

شمالی آئرلینڈ کے اونیل نے بی بی سی کو بتایا: ’ہمیں شاید ابھی پوری طرح سے اس حقیقت کا ادراک نہیں ہوا۔ یہ زبردست کامیابی ہے۔‘

پولینڈ بمقابلہ یوکرین

گروپ سی کے میچ میں پولینڈ کے جیکب بلاشچیوکاوسکی نے 54ویں منٹ میں یوکرین کے خلاف گول کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ پولینڈ اب ہفتے کے روز سوئٹزرلینڈ سے کھیلے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption پولش کھلاڑی جیکب بلاشچیوکاوسکی گول کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں

تاہم پولستانی کھلاڑی بارتوچ کاپوستکا دو زرد کارڈ ملنے کے بعد اس میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پولینڈ کے لیے تشویش کی ایک اور بات یہ ہے کہ اس کے سٹرائیکر لیوانڈوسکی بری طرح سے آؤٹ آف فارم ہیں۔ انھوں نے 16-2015 میں بائرن میونخ کی طرف سے کھیلتے ہوئے 42 گول کیے تھے، جب کہ یورو 2016 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی وہ 13 گولوں کے ساتھ سرِ فہرست تھے۔

تاہم اس ٹورنامنٹ کے پہلے تین میچوں میں وہ گول کرنا تو درکنار، ہدف پر کوئی اطمینان بخش شاٹ تک نہیں لگا سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جرمنی نے اس میچ میں گول کرنے کے کئی سنہرے موقعے ضائع کیے

اگر پولینڈ زیادہ فرق سے جیتتا تو وہ جرمنی سے آگے نکل جاتا، جس نے شمالی آئرلینڈ کو ایک صفر سے ہرا کر گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

جرمنی بمقابلہ شمالی آئرلینڈ

پیرس میں کھیلے جانے والے اس میچ میں عالمی چیمپیئن جرمنی نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کیے، تاہم ماریو گومیس نے 30ویں منٹ میں گول کر دیا جو میچ کا واحد گول ثابت ہوا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ماریو گومیس نے میچ کا واحد گول کیا

اگر آئرلینڈ کو اس میچ میں کوئی پوائنٹ مل جاتا تو وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جاتا۔ اب انھیں دوسرے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔

تاہم شکست کے باوجود آئرلینڈ کے سبز قمیصوں میں ملبوس مداحوں کا جوش و خروش عروج پر تھا اور تمام عرصہ گاتے رہے۔

ترکی بمقابلہ چیک رپبلک

ترکی نے ایک سخت مقابلے کے بعد چیک رپبلک کو شکست دے کر اپنی اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی امیدیں زندہ رکھیں۔ ترکی کی جانب سے براک یلماز اور اوزان طوفان نے گول کیے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ترکی کے پہلے گول تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس فتح کے بعد ترکی نے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی امیدیں زندہ رکھیں

اب ترکی کی قسمت کا فیصلہ بدھ کو کھیلے جانے والے دوسری ٹیموں کے میچوں کے بعد ہو گا۔

کروئیشیا بمقابلہ سپین

منگل کو کھیلے جانے والے گروپ ڈی کے ایک میچ میں کروئیشیا نے سپین کو ایک کے مقابلے پر دو گولوں سے ہرا دیا۔ سپین نے آخری 16 کے مرحلے کے تو پہلے ہی کوالیفائی کر لیا تھا لیکن اس شکست کے بعد اب انھیں کوارٹر فائنل کے لیے اٹلی جیسی طاقتور ٹیم کو ہرانا پڑے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption گروپ ڈی میں سپین نے کروئیشیا کو شکست دے دی

سپین نے فابریگاس کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی تھی، لیکن اسے کروئیشیا کے نکولا کالینچ نے برابر کر دیا۔ اس کے بعد میچ کے آخری حصے میں پریسچ نے گول کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

اسی بارے میں