انیل کمبلے انڈیا کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ Allsport

انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ نے سابق لیگ سپنر انیل کمبلے کو ایک سال کے لیے انڈین ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

45 سالہ کمبلے کو بین الاقوامی کرکٹ یا فرسٹ کلاس کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے تاہم انھوں نے اپنے ملک کی جانب سے 132 ٹیسٹ میچوں میں 619 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ ڈکن فلیچر نے 2015 کے عالمی کرکٹ کپ کے بعد ہیڈ کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد یہ عہدہ خالی تھا۔

انڈیا کے سابق ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری ٹی ئونٹی کے عالمی کپ اور ایشیا کپ کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

انیل کمبلے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سنہ 2012 سے 2016 تک انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

انڈیا کے معروف کرکٹر سچن تندولکر، لکشمن اور گنگولی پر مشتمل پینل نے 18 ماہ کی تلاش کے بعد انیل کمبلے کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ انڈیا نے ڈکن فلیچر کی قیادت میں سنہ 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس کے بعد انگلینڈ نے سنہ 2014 کی ٹیسٹ سیریز میں انڈیا کو تین ایک سے شکست دی تھی۔

انڈیا کی کرکٹ ٹیم سنہ 2014 کا عالمی کپ کے دفاع میں بھی ناکام رہی تھی۔