جیمی وارڈی کا لیسٹر کے ساتھ نئے معاہدے پر اتفاق

تصویر کے کاپی رائٹ PRESS ASSOCIATION

انگلینڈ کے فٹبالر جیمی وارڈی کا پریمئیر لیگ کے چیمپیئنز لیسٹر کلب کے ساتھ نئے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

لیسٹر کا کہنا ہے کہ 29 سالہ جیمی وارڈی ان کے ساتھ ایک چار سالہ توسیعی معاہدے پر دستخط کریں گے۔

لیسٹر نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں امید ہے کہ اس اعلان کے بعد جیمی وارڈی کے مستقبل کے بارے میں پائی جانے والی افواہوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

اطلاعات کےمطابق لیسٹر کے حریف آرسنل نے یورو کپ 2016 شروع ہونے سے پہلے جیمی وارڈ کے لیے دو کروڑ پاؤنڈ کی بولی لگائی تھی۔

آرسنل کی جانب سے لگائی جانے والی بولی میں جیمی وارڈی کے معاہدے میں یہ شق شامل تھی کہ وہ کسی بھی دوسرے کلب کے ساتھ معاہدہ کر سکیں گے جس کے بعد گننرز نے جیمی وارڈی کو 1,20,000 پاؤنڈ فی ہفتہ کی پیشکش کی تھی جب کہ لیسٹر نے انھیں 1,00,000 پاؤنڈ کی آفر کی تھی۔

جیمی وارڈی فرانس میں جاری یورو کپ میں انگلینڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انھوں نے ویلز کے خلاف ہونے والے میچ میں گول بھی کیا تھا۔

اسی بارے میں