سہ فریقی کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

بریج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سہ فریقی کرکٹ سیریز کے نویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 100 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 46 ویں اوور میں صرف 185 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 16 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ویسٹ انڈیز کے بالروں کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے فرحان بہار دین نے چار چوکوں کی مدد سے 35 جب کہ مورنی مورکل نے تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے سنیل نارائن اور ٹیری گیبرئیل نے تین، تین اور کارلوس براتھ ویٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ڈیرن براوو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ انھوں نے 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے دیگر بیٹسمینوں میں پولارڈ نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 جب کہ جیسن ہولڈر نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا اور کرس مورس نے تین، تین جبکہ مورکل اور پارنل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں