گاربین موگوروزا ٹینس کی نئی ملکہ؟

Image caption سپانسز کی گاربین میں دلچسپی کی وجہ ان کے عمدہ کھیل کے ساتھ ان پسند کی جانے والی شخصیت ہے

فرنچ اوپن میں ہسپانوی خاتون کھلاڑی گاربین موگوروزا کی فتح کو خواتین ٹینس کے ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خوش مزاج گاربین موگوروزا کو سرینا ولیمز اور ماریا شراپوا کا جانشین کہا جا رہا ہے۔

گذشتہ برس ومبلڈن میں رنر اپ رہنے کے باوجود گاربین نے اپنے عمدہ کھیل اور اپنی خوش مزاجی سے شائقین اور میڈیا کے دل جیت لیے تھے۔

اچھے کھیل اور خواش گوار مزاج کا امتزاج اس 22 سالہ نوجوان کھلاڑی کے شاندار کریئر کے ساتھ سپانسرز میں ان کو مقبولیت کا اشارہ دیتا ہے۔

گاربین کی ایجنٹ کمپنی آئی ایم جی کے ٹینس ڈویژن کے سربراہ فرنینڈو سولر کے مطابق ’وہ دنیا بھر میں مقبول ہوسکتی ہے، ہمارا مقصد انھیں ایک بین الاقوامی ستارہ بنانا ہے اور وہ میدان میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے اپنی مدد خود کر رہی ہیں۔‘

ماریا شراپوا پر دو سال کی پابندی کا امکان ہے اور سرینا ولیمز اپنے کریئر کے اختتام کے قریب پہنچ رہی ہیں۔ ایسے میں گاربین کے ایجنٹ کا خیال ہے وہ ان دونوں کی کمی میدان اور میدان سے باہر پوری کر سکتی ہیں۔

فرنینڈو سولر کے مطابق سپانسز کی گاربین میں دلچسپی کی وجہ ان کے عمدہ کھیل کے ساتھ ان کی پسند کی جانے والی شخصیت ہے۔ سولر کے بقول ان سب چیزوں کو گاربین کے ایجنٹ گذشتہ دو برس سے اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رواں برس برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ ٹینس ٹورنامنٹ ویمبلڈن کے آغاز سے ہی گاربین دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہیں گی

گاربین کی ایجنٹ کمپنی کے فرنینڈو سولر کا کہنا ہے کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ جونہی کوئی کھلاڑی بڑا ٹورنامنٹ جیتتا ہے تو اسی وقت سپانسرز اس سے رابطہ کرتے ہیں۔‘

’ لیکن حقیقت میں کام کئی برس قبل شروع کرنا پڑتا ہے اور ہم اس ضمن میں محنت کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سپانسرز کو گاربین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی سے بھی ان آگاہ رکھتے ہیں۔

کیا گاربین مستقبل میں شائقینِ ٹینس اور سپانسرز کے دلوں پر راج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں؟

اس حوالے سے برطانیہ کی سلفرڈ یورنیورسٹی سے وابسطہ سپورٹس انٹرپرائز کے پروفیسر سائمن چیڈوک کا کہنا ہے کہ ’خواتین کی ٹینس میں ایک نئی سٹار اور برانڈ کی جگہ خالی ہے اور ومبلڈن میں نمبر ٹو سیڈ گاربین موگوروزا اس جگہ کو پُر کر سکتی ہیں۔‘

اس میں کوئی شک نہیں کہ رواں برس برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن کے آغاز سے ہی گاربین دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہیں گی۔

اسی بارے میں