جیسن رائے ریکارڈ کے بارے میں لا علم تھے

تصویر کے کاپی رائٹ PA

انگلینڈ کے کرکٹر جیسن رائے کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ اپنے ملک کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ کا ریکارڈ توڑنے کے بہت قریب آ گئے ہیں۔

جیسن رائے نے سری لنکا کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 162 رنز بنائے تھے تاہم وہ صرف پانچ رنز کے فرق سے اپنے ہم وطن رابن سمتھ کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے تھے۔

خیال رہے کہ رابن سمتھ نے سنہ 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف 167 رنز بنائے تھے جو انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ میچ میں سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔

جیسن رائے نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا ’مجھے اس بات کا اس وقت پتہ چلا جب میں چینجنگ روم پہنچا تو میں نے یہ ٹی وی پر دیکھا۔

ان کا مزید کہنا تھا ’مجھے اس بات کی پروا نہیں ہے کیونکہ میرے نزدیک میچ جیتنا زیادہ اہم ہے۔‘

خیال رہے کہ جیسن رائے اور ایلکس ہیلز نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 256 رنز تھے۔

انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ پانچ ایک روزہ سیریز میں سے تین سیریز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی سکور کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

سکور بیٹسمین مخالف ٹیم مقام تاریخ
167 ناٹ آؤٹ رابن سمتھ آسٹریلیا ایجبیسٹن 21 مئی 1993
162 جیسن رائے سری لنکا دی اوول 29 جون 2016
158 ڈیوڈ گاور نیوزی لینڈ برزبین 15 جنوری 1983
158 اینڈریو سٹراس انڈیا بینگلور 27 فروری 2011
154 اینڈریو سٹراس بنگلہ دیش ایجبیسٹن 12 جون 2010

اسی بارے میں