برطانوی کھلاڑیوں پر ممنوع ادویات استعمال کرنے کا الزام

تصویر کے کاپی رائٹ AP

برطانیہ کے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے انسداد کے ادارے یوکیڈ نے کینیا کے دو ڈاکٹروں کے اس الزام کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ انھوں نے برطانوی ایتھلیٹوں کو کارکردگی میں اضافہ کرنے والی ادویات دی تھیں۔

ان ڈاکٹروں کا یہ بیان اخبار سنڈے ٹائمز نے خفیہ طریقے سے ریکارڈ کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق کینیا کے جرائم کی تفتیش کے ادارے نے اس ضمن میں گرفتاریاں بھی کی ہیں۔

یوکیڈ نے تحقیقات میں مدد دینے کے لیے دو تفتیش کار نیروبی بھیجے ہیں۔

ایک بیان میں برطانیہ کی کھیلوں کی تنظیم یوکے ایتھلیٹکس نے سنڈے ٹائمز کے الزامات کو ’مبہم اور بےبنیاد‘ قرار دیتے ہوئے اخبار پر زور دیا کہ وہ تمام ملوث افراد کی تفصیل فراہم کرے تاکہ اس بارے میں جلد از جلد تحقیقات کی جا سکیں۔

فوٹیج میں ڈاکٹروں کو دعویٰ کرتے دکھایا گیا ہے کہ انھیں برطانوی، کینیائی اور دوسرے ایتھلیٹوں نے خون میں اضافہ کرنے والی دوا اریتھروپوئٹین (ای پی او) لگانے کے لیے رقم دی تھی۔

اخبار کے مطابق ڈاکٹروں نے ایک برطانوی ایتھلیٹ کی دستاویزات اور خون کے نمونوں کے نتائج دکھائے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے اس ایتھلیٹ کا علاج کیا تھا۔

ایک اور کینیائی شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ تین دیگر برطانوی ایتھلیٹ ان 50 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھیں کارکردگی میں اضافہ کرنے والی ممنوعہ ادویات دی گئی تھیں۔

سنڈے ٹائمز کا کہنا ہے کہ جب اس نے دونوں ڈاکٹروں سے رابطہ کیا تو انھوں نے ویڈیو میں کیے گئے دعووں کے بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھی نے کہا ہے کہ اس نے ایتھلیٹوں کی مدد کرنے کے بارے میں جھوٹ بولا تھا، اور ڈاکٹروں پر بھی زور دیا تھا کہ وہ ’پیسہ کمانے‘ کے لیے جھوٹ بولیں۔

تاہم یوکیڈ کی سربراہ نکول سیپسٹیڈ کہتی ہیں کہ شواہد ’سنگین تشویش کا باعث ہیں۔ ہم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور شواہد کی حقیقت معلوم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔‘

کینیا ایتھلیٹکس کی دنیا میں صفِ اول کا ملک ہے۔ تاہم اسے مئی میں ڈوپنگ کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تھا۔ ڈوپنگ کے عالمی ادارے واڈا نے بدعنوانی کے کئی الزامات کے بعد کینیا کو اپنے قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا تھا۔

گذشتہ ماہ یوکیڈ کے چیئرمین نے تسلیم کیا تھا کہ لندن کے ایک ڈاکٹر کی جانب سے ڈیڑھ سو کے قریب ایتھلیٹوں کو ممنوعہ ادویات دینے کے الزام سے نمٹنے میں ان سے غلطیاں ہوئی ہیں۔

اسی بارے میں