یورو 2016 کے فائنل سے قبل سکیورٹی میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فرانس میں پہلے سے ہی فوجی تعینات ہیں جبکہ فائنل سے قبل پانچ ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں

فرانس اور پرتگال کے درمیان فٹبال کے یورو 2016 کےفائنل کے لیے پیرس اور اس کے گرد و نواح میں اہم مقامات پر پانچ ہزار سے زیادہ فرانسیسی پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرانس سٹیڈیم کی نگرانی کے علاوہ ایفل ٹاور اور شانزا لیزے جیسے معروف مقامات کی نگرانی کے لیے بھی پولیس تعینات کی جارہی ہے۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اگر فرانس جیت گیا تو فتح پریڈ نہیں نکالی جائے گي۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فرانس اور پرتگال کے مداح اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں

پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ نومبر میں پیرس میں ہونے والے حملے کے بعد سے بڑی تعداد میں فوجی پیرس کی نگرانی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس حملے میں جہادی بندوق برداروں نے فرانس سٹیڈیم سمیت کئی مقامات کو نشانہ بنایا تھا اور 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 1900 پولیس اہلکار فین زون کی نگرانی کریں گے جبکہ 3400 پولیس والے شانزا لیزے پر ہوں گے جن میں سے کچھ پولیس اہلکاروں کو مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیل شروع ہونے سے قبل سٹیڈیم کی جانب روانہ کر دیا جائےگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption 1900 پولیس اہلکار ایفل ٹاور کے پاس تعینات کیے جائیں گے

پیرس میں میئر کے چیف آف سٹاف میتھیاس ویشیرا نے کہا: ’ہمارے پاس 50 شائقین کے مقابلے پر ایک سپاہی کا تناسب ہے اور یہ انتہائی معیاری ہے۔‘

اس سے قبل جب فرانس نے سنہ 1998 میں فٹبال کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی تو شانزا لیزے پر دس لاکھ سے زیادہ افراد نے جشن منایا تھا لیکن اس بار حکام کے مطابق فرانس کی فتح کی صورت میں وہاں جشن نہیں ہو گا۔

اسی بارے میں