ویسٹ انڈین فاسٹ بولر ٹیلر کا ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیروم ٹیلر نے 18 سال کی عمر میں سنہ 2003 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیروم ٹیلر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتائی ہے۔

ٹیلر کا ٹیسٹ کریئر 13 سال پر محیط رہا اور انھوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 46 ٹیسٹ میچوں میں 130 وکٹیں لیں۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ 32 سالہ جیروم ٹیلر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے بدستور دستیاب ہیں۔

جیروم ٹیلر نے 18 سال کی عمر میں سنہ 2003 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا لیکن وہ سنہ 2009 سے 2014 کے درمیان پانچ سال تک انجری کی وجہ سے کرکٹ ٹیم سے باہر رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انگلینڈ کے خلاف ٹیلر نے 11 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں

ان کی بہترین کارکردگی آسٹریلیا کے خلاف سنہ 2015 میں سامنے آئي جب انھوں نے 47 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔

کرکٹ میں ان کا بہترین وقت سنہ 2009 میں اس وقت تھا جب انھوں نے انگلینڈ کے خلاف صرف 11 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں۔

اپنے ہوم گراؤنڈ میں ان کی کارکردگی بہترین رہی ہے۔

انھوں سنہ 2006 میں سبینا پارک میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 95 رنز کے عوض نو وکٹیں حاصل کی تھیں جو کہ کسی ٹیسٹ میں ان کی بہترین کار کردگی ہے۔

انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بھی بنائی جو کہ ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس میں ان کی واحد سنچری ہے۔

اسی بارے میں