ورلڈ باکسنگ کونسل میں پاکستانی باکسر کی کامیابی

Image caption 28 سالہ باکسر محمد وسیم کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ پہلے پاکستانی پروفیشنل باکسر ہیں جنھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے باکسر محمد وسیم نے جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ہونے والے ورلڈ باکسنگ کونسل میں سلور فلائی ویٹ ٹایئٹل جیتا ہے۔ جس کے بعد محمد وسیم عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

٭ پاکستانی باکسر وسیم حالات سے دلبرداشتہ

28 سالہ باکسر محمد وسیم کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ پہلے پاکستانی پروفیشنل باکسر ہیں جنھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

سیئول میں جاری ورلڈ باکسنگ کونسل میں محمد وسیم کا مقابلہ فلپائن کے کھلاڑی جھیترا اولیوا سے تھا۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوا۔

12 راؤنڈز پر مشتمل اس دلچسپ مقابلے میں محمد وسیم نے فلپائنی کھلاڑی کو شکست سے دوچار کیا۔

Image caption محمد وسیم کی کامیابی پر ان کے اہلخانہ اور دوستوں نے خوشی کا اظہار کیا

کوئٹہ میں محمد وسیم کے اہلخانہ اور دوستوں نے یہ مقابلہ بلوچی سٹریٹ پر واقع ان کے گھر میں ٹیلی ویژن سکرین پر دیکھا۔

محمد وسیم کی کامیابی پر ان کے اہلخانہ اور دوستوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

بلوچستان کے وزیر کھیل مجیب الرحمان محمد حسنی نے محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کے والد محمد ابراہیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محمد وسیم نے ان کو میچ سے پہلے فون کیا تھا اور کامیابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔

اسی بارے میں