اینڈرسن، سٹوکس اور عادل رشید کی سکواڈ میں واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جیمز اینڈرسن نے گذشتہ دنوں لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 22 اوورز کرائے اور تین وکٹیں حاصل کیں

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی سکواڈ میں جیمز اینڈرسن، بین سٹوکس اور عادل رشید کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ جمعے سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ سے ٹوبی رولینڈ جونز کو ڈراپ کیا گیا جبکہ سٹیون فن اور جیک بال نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔

خیال رہے کہ لارڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں جیمز اینڈرسن اور سٹوکس انجری کے باعث شرکت نہیں کر سکے تھے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں لارڈز میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جیک بال کی جگہ اینڈرسن کو دوسرے ٹیسٹ میں کھلایا جا سکتا ہے جبکہ عادل رشید کی ٹیم میں شمولیت انگلینڈ کے لیے مددگار ہوسکتی ہے کیونکہ اولڈ ٹریفورڈ کی بچ سپن بولروں کے لیے مددگار ہونے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

جیمز اینڈرسن نے گذشتہ دنوں لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 22 اوورز کرائے اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ سٹوکس نے ایک کاؤنٹی میچ میں 36 اووز کروا کر اپنی فٹنس ثابت کی ہے، اس میچ میں انھوں نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کا سکواڈ: کک، ہیلز، روٹ، ونس، بیلنس، سٹوکس، بیرسٹو، معین علی، عادل رشید، ووکس، براڈ، فن اور جیک بال۔

اسی بارے میں