ڈوپنگ سکینڈلز کے باعث اولمپکس میں عوامی دلچسپی کم

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 19 ممالک کے 57 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ کی وجہ سے ان کھیلوں کے لیے لوگوں کی دلچسپی پر اثر پڑا ہے

بی بی سی ورلڈ سروس کے ایک سروے سے پتا چلا ہے کہ ریو اولمپکس کے آغاز سے قبل ڈوپنگ سے متعلق سکینڈلز نے ان کھیلوں میں عوامی دلچسپی کم کر دی ہے۔

19 ہزار افراد پر کیے گئے سروے کے مطابق19 ممالک کے 57 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ کی وجہ سے ان کھیلوں کے لیے لوگوں کی دلچسپی پر اثر پڑا ہے۔

* ’تمام روسی ایتھلیٹس پر پابندی کے مطالبے پر قائم ہیں‘

تاہم جرمنی اور میزبان ملک برازیل کے لوگ اس سے متاثر نہیں ہوئے۔

اس سروے میں 62 فیصد افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کھیلوں میں ان کے ملک کی کارکردگی کا بہت یا کچھ حد تک اثر قومی فخر پر پڑتا ہے۔

سروے میں شامل ابھرتی ہوئی معیشتوں کے شرکا کے مطابق اولمپکس میں کامیابی کا ایک بڑا اثر ضرور پڑتا ہے جن میں انڈونیشیا، کینیا، روس، پیرو اور انڈیا شامل ہیں۔

جبکہ برازیل، جرمنی، امریک اور فرانس کے لوگوں کے مطابق اولمپکس میں کامیابی سے قومی فخر پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔

سروے کا انعقاد کرنے والے فرم گلوب سکین کا کہنا ہے کہ رائے شمار سے ظاہر ہوا ہے ’ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شہری سمجھتے ہیں کہ اولمپک کھیلوں میں کامیابی سے قومی وقار پر مثبت اثر پڑتا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی نے اس کی جانب سے روس پر ریو اولمپکس گیمز میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائدکیے جانے کی سفارشات پر عمل نے کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا

فرم کے چیئرمین کے مطابق اس سروے کے نتائج سے انسداد ڈوپنگ کے ادارے کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی ہے۔

اس سے قبل رواں ہفتے عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی نے اس کی جانب سے روس پر ریو اولمپکس گیمز میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائدکیے جانے کی سفارشات پر عمل نے کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ روسی حکومت کی سربراہی میں کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کی ادویات فراہم کرنے کے شواہد سامنے آنے کے بعد روسی ایتھلیٹس پر اولمپکس میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔

19 میں سے 13 ممالک کے لوگوں کا کہنا تھا کہ ڈوپنگ کے استعمال سے اولمپکس میں دلچسپی کم ہو جائے گی۔

سروے کے مطابق جنوبی کوریا، پیرو، آسٹریلیا اور فرانس کے لوگ ان کھیلوں میں دلچسپی کھو دیں گے۔ تاہم 35 فیصد جرمن اور 36 فیصد برازیلین شہریوں کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے کھیلوں میں دلچسپی نہیں لیں گے۔

یہ سروے گذشتہ دسمبر سہ رواں برس اپریل تک کیا گیا۔

اسی بارے میں