بین سٹوکس انگلش ٹیم سے ایک بار پھر باہر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گذشتہ نو ماہ میں بین سٹوک تیسری مرتبہ انجری کا شکار ہوئے ہیں

انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس پنڈلی میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

25 سالہ بین سٹوکس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ اس میچ میں انگلینڈ نے 330 رنز سے کامیابی حاصل کر کے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

٭ دوسرا ٹیسٹ انگلینڈ کا، پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام

٭ اولڈ ٹریفرڈ میں ساون کی آس

بین سٹوکس کی انجری کے حوالے سے آئندہ ہفتے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے 13 رکنی سکواڈ میں جیک بال، سٹیون فن اور عادل رشید کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بین سٹوکس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے

خیال رہے کہ گذشتہ نو ماہ میں بین سٹوک تیسری مرتبہ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں وہ کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور ایک روزہ اور ٹی 20 میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

رواں سال مئی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں وہ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے۔

ایجیسٹن میں تین اگست سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کا 13 رکنی سکواڈ: ایلسٹر کک، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیرسٹو، گیری بیلنس، جیک بال، سٹوارٹ براڈ، سٹیون فن، ایلکس ہیلز، عادل رشید، جو روٹ، جیمز ونس اور کرس ووکس۔

اسی بارے میں