گال:دو دن میں تین اننگز مکمل، آسٹریلیا مشکل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہیراتھ نے ایڈم ووگز، پیٹر نیول اور مچل سٹارک کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی

گال میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ میچ میں میزبان سری لنکا کے خلاف 410 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

اس ٹیسٹ میچ میں ابتدائی دو دن میں تین اننگز مکمل ہو چکی ہیں اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 25 رنز بنا لیے تھے۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

٭ سری لنکا نے آسٹریلیا کو 106 رنز سے شکست دے دی

اس طرح آسٹریلیا کو فتح کے لیے مزید 388 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں سے برنز کو ہیراتھ جبکہ نائٹ واچ مین نیتھن لیون اور عثمان خواجہ کو پریرا نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

106 رنز سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کا سب سے کم سکور بھی ہے۔

اس اننگز میں آسٹریلیا کی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف آٹھ رنز کے اضافے کے دوران گریں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سری لنکا کو اس سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ اس اننگز میں آٹھ آسٹریلوی بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا۔

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ کے علاوہ پریرا نے بھی چار وکٹیں لیں جبکہ منداکن اور فرنینڈو کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

سری لنکا کے سپنر رنگنا ہیراتھ اس اننگز کے دوران اپنے ملک کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر بن گئے۔

آسٹریلوی اننگز میں 35 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرنے والے ہیراتھ نے ایڈم ووگز کو کیچ، پیٹر نیول کو بولڈ اور مچل سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

ان سے قبل سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز نوان زوئسا کو حاصل تھا۔

پہلی اننگز میں 175 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد سری لنکا نے دوسری اننگز میں 237 رنز بنائے اور یوں انھیں آسٹریلیا پر 409 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

سری لنکا کے لیے آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے آنے والے پریرا نے 64 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس میچ میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں مینڈس اور میتھیوز کی نصف سنچریوں کی بدولت 281 رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں