اوول ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انگلش کپتان الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پانچ بولروں کی کارکردگی سے خوش ہیں

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اوول میں جمعرات سے شروع ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم انہی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی جس نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ لیگ سپنر عادل رشید کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا تاہم انگلینڈ نے چار فاسٹ بولرز اور ایک آف سپنر معین علی کو برقرار رکھا ہے۔

* ’ایسے تو صرف پاکستان ہی ہار سکتا ہے‘

* ’اظہر علی کو آؤٹ کرنا مشکل ہوجاتا ہے‘

* پاکستان چھ برس بعد انگلینڈ میں: خصوصی ضمیمہ

انگلینڈ کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

عادل رشید کے علاوہ فاسٹ بولر جیک بال کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیاگیا ہے۔

عادل رشید نے گذشتہ سال اکتوبر میں اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف 64 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور اب امید کی جارہی ہے کہ انھیں بنگلہ دیش اور انڈیا کے خلاف سیریز میں موقع دیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption عادل رشید کے علاوہ فاسٹ بولر جیک بال کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا

انگلش کپتان الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پانچ بولروں کی کارکردگی سے خوش ہیں جنھوں نے ایجبسٹن کی دوسری اننگز میں دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور انگلینڈ‌نے 141 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

اگر انگلینڈ اوول میں شکست سے بچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے والی تمام ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ سیریز اپنے نام کر لیے گا۔

اوول ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم: الیسٹر کک (کپتان)ایلکس ہیلز، جو رووٹ، جیمز ونس، گیری بیلنس، جونی بیرسٹو، معین علی، کرس ووکس، سٹوارٹ براڈ، سٹیون فن اور جیمز اینڈرسن۔

اسی بارے میں