انڈیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان، یوراج اور رائنا باہر

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption یوراج سنگھ اور سریش رائینہ کو دلیپ ٹرافی کی دو ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا ہے

انڈیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یوراج سنگھ اور سوریش رائنا کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پہلی بار امریکہ میں کوئی بین الاقوامی میچ کھیلیں گی۔

یہ دونوں میچ امریکی شہر فلوریڈا میں 27 اور 28 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

انڈیا کی ون ڈے ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی امریکہ میں کھیلے جانے والے دونوں میچوں میں انڈین ٹیم کے کپتان ہوں گے لیکن سنہ 2016 کی انڈین ورلڈ کپ ٹیم کے سات کھلاڑی اس میں شامل نہیں ہیں۔

یوراج سنگھ، سوریش رائنا، ہاردک پانڈیا، پون نیگی، ہربھجن سنگھ، آشیش نہرا اور منیش پانڈے امریکہ جانے والی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

رائنا اور یوراج کو دلیپ ٹرافی کے لیے انڈین ریڈ اور انڈین گرین کا کپتان بنایا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY
Image caption کپتان دھونی اور جسپریت بمراہ کے علاوہ ٹیم کے باقی ارکان ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں

کپتان دھونی اور جسپریت بمراہ کے علاوہ ٹیم کے باقی ارکان ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈیا کی ٹیم ان دنوں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے اور اس ٹیم کی کپتانی وراٹ کوہلی کر رہے ہیں۔

انڈین ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، روہت شرما، شکھر دھون، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، کے ایل راہل، روندر جڈیجہ، روی چندرن ایشون، جسپریت بمراہ، محمد شامی، بھونیشور کمار، امیش یادو، امت مشرا اور سٹورٹ بنی شامل ہیں۔

اسی بارے میں