اوول میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان پر جرمانہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق کی جانب سے غلطی اور سزا قبول کر لینے کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی

آئی سی سی نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

اوول میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے پاکستان کو دیے گئے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر یہ جرمانہ عائد کیا ہے۔

٭ پاکستان چھ برس بعد انگلینڈ میں: خصوصی ضمیمہ

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اپنی میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 10 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصباح الحق کی جانب سے غلطی اور سزا قبول کر لینے کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان مصباح الحق کی کپتانی میں آئندہ ایک برس میں دوبارہ سلو اوور ریٹ کا مرتکب ہوتا ہے تو اس صورت میں مصباح الحق کو ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پیر کو ختم ہونے والے اوول ٹیسٹ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے فتح حاصل کر کے چار میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کر دی ہے۔

انگلینڈ کے دورے کے دوران اب پاکستانی ٹیم مزید پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

اسی بارے میں