ریو اولمپکس: ارجنٹینا نے ہاکی میں طلائی تمغہ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ ہاکی میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے

ریو اولمپکس میں مردوں کے ہاکی کے مقابلوں میں ارجنٹینا نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ہاکی میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

میچ کے ابتدائی لمحات میں بیلجیئم کے ٹنگئے کوسنس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی لیکن اس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم پوری طرح کھیل پر چھائی رہی اور ہاف ٹائم سے پہلے تین گول کر دیے۔

ارجنٹینا کی طرف سے باپلو ابرا، اگناشیو ارتز اور گونزالو پیلٹ کے گول کی بدولت اسے تین، ایک کی برتری حاصل ہوگئی۔

بعدازاں بیلجیئم کے گودیئر بوکارڈ نے ایک گول کر کے اس برتری کو کم دیا۔

بیلجیئم نے سکور برابر کرنے کے لیے ارجنٹینا کے گول پر کئی حملے کیے جسے ارجنٹینا کے گول کیپر ژوان ویولدی نے ناکام بنا دیا۔

میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کے آگسٹن مزیلی نے گول نے ارجنٹینا کی فتح یقینی بنا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں جرمنی نے ہالینڈ کو شکست دی

ریو اولمپکس میں ہاکی کے میدان میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اس سے پہلے کبھی بھی اولمپکس مقابلوں میں سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی۔

بیلجیئم کی ٹیم نے بھی پہلی مرتبہ اولمپکس مقابلوں میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور ہاکی کے مقابلوں میں سنہ 1920 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد اس کا یہ دوسرا تمغہ ہے۔

دوسری جانب کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں جرمنی نے ہالینڈ کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

جرمنی اور ہالینڈ کا میچ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

اسی بارے میں