ریو اولمپکس: انڈین بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فائنل میں ان کا مقابلہ جمعے کو سپین کی کیرولینا مرین سے ہوگا

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس میں انڈیا کی 21 سالہ پی وی سندھو نے بیڈمنٹن مقابلوں کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جمعرات کو خواتین کے بیڈمنٹن کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں انھوں نے جاپان کی عالمی نمبر تین کھلاڑی نوذومي اوكوہارا کو صفر کے مقابلے دو سیٹس سے شکست دی۔

پہلے سیٹ میں بہت سخت مقابلہ تھا جس میں سندھو نے 19 کی مقابلے میں 21 پوائٹس سے کامیاب رہیں۔ دوسرے سیٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھوں نے باآسانی دس کے مقابلے میں 21 پوائٹس کے ساتھ فتح اپنے نام کر لی۔

سیمی فائنل میں فتح کے بعد وی پی سندھو نے سٹار سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گذشتہ سارے میچوں میں اچھا کھیلی ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’سیمی فائنل میں اوكوہارا نے بھی اچھا کھیلا۔ ہم دونوں ہی فائنل میں جانا چاہتے تھے۔ فائنل میں کیرولینا سے مقابلہ ہے۔ میں نے گذستہ میچ اچھے کھیلے ہیں اور اب طلائی تمغے کے لیے پورا زور لگا دوں گی۔‘

فائنل میں ان کا مقابلہ جمعے کو سپین کی کیرولینا مرین سے ہوگا۔

دوسری سیمی فائنل میں کیرولینا مرین نے چین کی دفاعی چیمپئن لی ژویریو کو شکست دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سندھو نے جاپان کی عالمی نمبر تین کھلاڑی نوذومي اوكوہارا کو صفر کے مقابلے دو سیٹس سے شکست دی

پی وی سندھو پہلی بار اولمپکس مقابلوں میں شرکت کر رہی ہیں اور اس سے قبل کوارٹر فائنل میں انھوں نے چین کی عالمی نمبر دو کھلاڑی وانگ یہان ریو کو شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا تھا۔

پانچ جولائی سنہ 1995 کو انڈیا میں پیدا ہونے والی سندھو نے آٹھ سال کی عمر سے بیڈمنٹن کھیلنا شروع کر دیا تھا۔

سندھو کا کہنا ہے کہ ان کے والدین والی بال کے سابق کھلاڑی رہ چکے ہیں تاہم انھوں نے ان کی خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے انھیں متحرک کیا۔

سندھو انڈیا کی ایتھلیٹ سابق بین الاقوامی کھلاڑی گوپی چند سے تربیت حاصل کرتی رہی ہیں۔

گوپی چند کا سندھو کے حوالے سے کہنا ہے ’وہ کبھی ہمت نہیں ہارتی ہیں اور یہ ان کی بہترین صلاحیت ہے۔‘

سندھو سنہ 2014 میں گلاسگو میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں سیمی فائنل تک پہنچی تھیں اور سنہ 2015 میں ڈنمارک اوپن کے فائنل میں چین کی لی سے ہار گئی تھیں۔

اسی بارے میں