لیسٹر شائر کا شرجیل خان سے معاہدہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر نے نیٹ ویسٹ بلاسٹ 2017 کے سیزن کے لیے پاکستانی بیسٹمین شرجیل خان سے معاہدے کا اعلان کردیا ہے۔

ایک روزہ اور ٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود شرجیل خان نے حال ہی میں آئر لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں 62 گیندوں پر سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ 30 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

٭ شرجیل خان: ’اوپنر کا کام اچھا آغاز دینا ہے‘

٭شرجیل اور سمیع پاکستانی ٹی 20 سکواڈ میں شامل

لیسٹر شائر نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ سابق آسٹریلین کرکٹر کلنٹ میکے ان کے دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔

اس سیزن میں لیسٹر شائر نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 14 میچوں کے دوران اسے آٹھ میں شکست، چار میں کامیابی ہوئی، جب کہ دو میچوں کا نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا تھا۔ اس خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ اپنے گروپ میں سب سے آخری نمبر پر رہی تھی۔

لیسٹر شائر کو امید ہے کہ پاکستانی بیٹسمین انھیں آئندہ مکمل سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا: ’ہم جانتے ہیں کہ دیگر کاؤنٹیز بھی شرجیل جیسی قابلیت کے حامل کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں، لیکن ہم 2017 کے سیزن کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل خان دھواں دھار بیٹسمین ہیں اور وہ ہمارے لیے ٹی 20 میچوں میں دوسرے اوپنر کے طور پر آپشن دیں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا ’کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی میرا مقصد رہا ہے اور میں یہ موقع فراہم کرنے پر لیسٹر شائر کا بہت مشکور ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر بیٹسمین بھی اس سے پہلے لیسٹر شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمر اکمل شامل ہیں اور وہ ان کے نقشِ قدم پر چلنے پر بہت خوش ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں