انتخاب عالم کی جگہ وسیم باری نئے منیجر

تصویر کے کاپی رائٹ pcb.com.pk
Image caption وہ 81ٹیسٹ اور51 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان وسیم باری کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نیا منیجر مقرر کردیا ہے۔

وہ انتخاب عالم کی جگہ لیں گے جو گذشتہ سال ستمبر سے منیجر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔

68 سالہ وسیم باری اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی طویل وابستگی کے دوران مختلف عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔

وہ 2009 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر بھی رہے اس کے علاوہ وہ متعدد مواقع پر سلیکشن کمیٹی میں بھی رہ چکے ہیں۔

وسیم باری آخری بار پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر ایجوکیشن اور اینٹی کرپشن کے عہدے پر فائز رہے تھے۔

وہ 81ٹیسٹ اور51 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 68 سالہ وسیم باری اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی طویل وابستگی کے دوران مختلف عہدوں پر کام کرچکے ہیں

74سالہ ا نتخاب عالم بھی ایک طویل عرصہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ رہے ہیں۔

وہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک منیجر رہے ہیں۔

وہ پہلی بار1980 میں منیجر بنے تھے جس کے بعد مختلف اوقات میں انہیں ٹیم کا منیجر مقرر کیا جاتا رہا۔ وہ 1992 ء کا عالمی کپ اورء 2009 کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی ٹیم کے بھی منیجر تھے۔

انتخاب عالم نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں آخری ذمہ داری ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کے طور پر نبھائی جس کےبعد بورڈ کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت وہ فارغ کردیے گئے تھے تاہم انہیں گذشتہ سال منیجر مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورۂ انگلینڈ میں انتخاب عالم نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور اس دورے میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ یہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پاکستانی ٹیم کا انگلینڈ کا پہلا دورہ تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں