یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں سرینا کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سیمی فائنل مقابلے میں چیک ریپبلک کی کھلاڑی کرولینا پلسکوا نے سرینا کو 2-6 6-7 سے شکست دے دی

نیویارک میں جاری یو ایس اوپن ٹینس مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکوا نے امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز کو شکست دے کر اس گرینڈ سلام مقابلے میں ان کا سفر تمام کر دیا ہے۔

کیرولینا پلسکوا نے سیمی فائنل میچ میں سرینا کو سٹریٹ سیٹس میں چھ دو اور سات چھ کے سکور سے شکست دی۔

٭ سرینا ولیمز ٹینس کی نئی بلندیوں سے ہمکنار

34 سالہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی سرینا پرامید تھیں کہ وہ یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ کریئر میں 23 واں گرینڈ سلام مقابلہ جیت کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کریں گی لیکن ایسا نہیں ہو پایا۔

اس وقت وہ سب سے زیادہ گرینڈ سلام جیتنے کے اعزاز میں جرمنی کی سابق ٹینس کھلاڑی سٹیفی گراف کے برابر ہیں جنھوں نے 22 مقابلے جیتے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹینس کے کھیل میں وہ معروف کھلاڑی روجر فیڈرر کی فتوحات کا بھی ریکارڈ توڑ چکی اور ٹینس کی دنیا میں وہ سب سے زیادہ میچ جیتنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں

اس میچ میں شکست کا مطلب یہ بھی ہے کہ سرینا کو عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کھونی پڑے گی اور یہ مقام جرمنی کی اینگلک کربر کو مل جائے گا۔

چند روز قبل ہی سرینا ولیمز نے یو ایس اوپن میں یرسلوا شیوڈوا کو ہرانے کے بعد گرینڈ سلام مقابلے میں 308 ویں کامیابی کے بعد فتوحات کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ٹینس کے کھیل میں وہ معروف کھلاڑی روجر فیڈرر کی فتوحات کا بھی ریکارڈ توڑ چکی ہیں اور ٹینس کی دنیا میں وہ سب سے زیادہ میچ جیتنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔

22 گرینڈ سلام مقابلوں کے علاوہ سرینا نے اولمپکس مقابلوں میں بھی چار بار گولڈ میڈل حاصل کیا ہے اور تقریباً 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم جیتی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں