مانچسٹر سٹی نے یونائیٹڈ کو 2:1 سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption کیون ڈی برائن نے میچ کے پندرویں منٹ میں گول کیا

سنیچر کو کھیلے جانے والے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں مانچسٹر سٹی نے اپنے حریف مانچسٹر یونائٹیڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے دی ہے۔

مانچسٹر سٹی کی جانب سے پہلا گول کیون ڈی برائن نے میچ کے پندرویں منٹ میں جبکہ دوسرا گول 36 ویں منٹ میں ایہاناچو نے کیا۔

دوسری جانب سے مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے کیا جانے والا واحد گول ہالف ٹائم سے چند منٹ قبل زلتان ابراہیموچ نے سکور کیا۔

اس میچ کو دو بڑے مینیجروں یعنی پیپ گورڈیولا اور جوزے مرینیو کے مابین ایک مقابلے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا تھا جس میں پیپ گورڈیولا نے اپنے پرانے حریف کو شکست دے دی۔

دونوں مینیجر عرصہ دراز سے ایک دوسرے کے حریف ہیں جس کے باعث آج کے میچ میں شائقینِ فٹ بال کی دلچسپی اور بڑھ گئی تھی۔

اس سے پہلے جوزے مرینیو اور پیپ گوڈیلو سپین کی فٹ بال لیگ لا لیگا میں بھی مدِ مقابل آچکے ہیں جہاں وہ رائل میڈرڈ اور بارسلونا کے مینیجر تھے۔

Image caption میچ کے آغاز سے قبل دونوں مینجر میدان میں بغل گیر بھی ہوئے

سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ نے دونوں مینیجروں کو موقع فراہم کیا تھا کہ وہ سیزن کے اوائل میں ہی اپنے حریف کو شکست سے دو چار کر سکیں۔

اگرچہ دونوں مینجروں کے مابین پائے جانے والی تلخی کی خبریں اکثر ذرائع ابلاغ میں رپورٹ ہوتی رہی ہیں لیکن میچ سے قبل پیپ گورڈیولا نے کہا تھا کہ اگر میچ کے بعد جوزے مرینیو نے انھیں ڈرنک کی دعوت دی تو وہ قبول کر یں گے۔

خیال رہے کہ میچ کے آغاز سے قبل دونوں مینجر میدان میں بغل گیر بھی ہوئے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں