الوداعی میچ کے لیے درخواست نہیں کی: آفریدی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ انھوں نے اپنے الوداعی میچ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں آرہی ہیں کہ شاہد آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی پہلے سے اعلان کردہ ٹیم میں سولہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کرکے بین الاقوامی کرکٹ سے الوداع کہا جائے گا اور شاہد آفریدی نے مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس کی درخواست بھی کی ہے ۔

شاہد آفریدی نے بدھ کے روز ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے لیے انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے خود کہا ہے جو بالکل غلط ہے تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اپنے کریئر کو باوقار انداز میں ختم کرنے کے سلسلے میں وہ چیف سلیکٹر انضمام الحق سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں انضمام الحق کو مطلع کردیا ہے اور انضمام الحق بھی انہیں اپنا پلان بتا چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ چاہتے تو بھارت میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ہی بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ دیتے لیکن وہ باوقار انداز میں کرکٹ سے رخصت ہونا چاہتے ہیں کیونکہ اتنا طویل عرصہ پاکستانی کرکٹ کی خدمت کرنے کے بعد یہ ان کا حق ہے کہ وہ اچھے طریقے سے کرکٹ کو چھوڑیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نہ ان پر دباؤ ڈال رہا ہے اور نہ وہ کرکٹ بورڈ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ان کے لیے کرکٹ بورڈ کے لیے اور آنے والے کرکٹرز کے لیے اچھا ہوگا۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ان کا تعلق خوشگوار انداز میں اختتام کو پہنچے۔

آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بہت کم ایسا ہوا ہے کہ کرکٹرز نے عزت کے ساتھ کرکٹ کو خدا حافظ کہا ہو وہ چاہیں گے کہ ان کے فیصلے سے ان کی بھی عزت ہو اور کرکٹ بورڈ کی بھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے اس سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انھوں نے ایک بیان میں اپنی کرکٹ جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کردی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہر یار خان نے اس موقع پر یہ کہا تھا کہ شاہد آفریدی کو ٹیم کی قیادت اسی شرط پر سونپی گئی تھی کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

شاہد آفریدی 98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں97 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والا پہلا بولر بننے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔