سری لنکن کرکٹر نوان کلاسیکرا ضمانت پر رہا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سری لنکن بورڈ کے مطابق کداوٹا کے چیف مجسٹریٹ نے زیرتکمیل تفتیش میں کلاسیکرا کو ضمانت پر رہا کیا ہے

سری لنکن بولر نوان کلاسیکرا کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، وہ ایک سڑک حادثے میں ملوث تھے جس میں ایک موٹرسائیکل سوار کی موت ہوگئی تھی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ نوان کلاسیکرا کولمبو سے کینڈی جا رہے تھے جب مخالف سمت سے آنے والے بدقسمت موٹرسائیکل سوار ایک بس کو اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹرسائیکل پر قابو نہ رکھ سکے اور کلاسیکرا کے راستے میں آگئے۔

سری لنکن بورڈ کے مطابق کداوٹا کے چیف مجسٹریٹ نے زیرتکمیل تفتیش میں کلاسیکرا کو ضمانت پر رہا کیا ہے۔

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے 28 سالہ نوجوان کی موت پر بھی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ 34 سالہ کلاسیکرا نے جون میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اپنی توجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر مرکوز کر لی تھی۔

انھوں نے انگلش کاؤنٹی سسکس کی نمائندگی کرتے ہوتے تین بار ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں