کانپور ٹیسٹ میں انڈیا کی197 رنز سے جیت

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں روی چندر ایشون نے 132 رن کے عوض میں چھ وکٹیں حاصل کیں

انڈیا نے کانپور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 197 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارت کا یہ 500 واں ٹیسٹ میچ تھا جس پر بھارتی کرکٹ شائقین اور ماہرین کی نظریں لگی ہوئی تھیں۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کانپور کے گرین پارک سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے دوسری اننگز میں نيوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 434 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لیکن میچ کے آخری روز پیر کو نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 236 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انڈیا کی جانب سے روی چندر ایشون نے چھ وکٹیں حاصل کیں اور وہ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ محمد شامی نے بھی 18 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بلے باز لیوک رونكي نے 80 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے دوسرے بلے باز سنبھل کر بیٹنگ نہ کر سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بھارت کا یہ 500 واں ٹیسٹ میچ تھا جس پر بھارتی کرکٹ شائقین اور ماہرین کی نظریں لگی ہوئی تھیں

انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بنائے تھے، جواب میں نیوزی لینڈ کی اننگز 262 رنز پر سمٹ گئی تھی۔

انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر377 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کر دی تھی۔

اس طرح انڈیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 56 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 434 رنز کا ہدف ملا تھا۔

دوسری اننگز میں بھارت کی جانب سے مرلی وجے نے 76 اور چتیشور پجارا نے 78 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑي سینٹنر اور سوڈھی نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس میں کپتان کین ولیمسن نے 75 رنز اور ٹام لیتھم نے 58 رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز میں رویندر جڈیجہ نے نيوزی لینڈ کے پانچ اور آر ایشون نے چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں