ایتھیوپیا میں فائرنگ اور بھگدڑ، متعدد افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

اطلاعات کے مطابق ایتھیوپیا کے علاقے اورومیو میں لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی فائرنگ اور اس کے باعث بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کی فائرنگ کے بعد بھگدڑ میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ہزاروں افراد مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے دارالحکومت ادیس ابابا سے 40 کلومیٹر دور علاقے بشوفتو میں جمع ہوئے۔

چند اطلاعات کے مطابق پولیس نے فائرنگ اس وقت کی جب حکومت مخالف مظاہرین نے پتھراؤ اور بوتلیں پھینکنی شروع کیں۔ تاہم چند رپورٹس کے مطابق مظاہرین پر امن تھے۔

حکومت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی جانیں گئی ہیں۔ 'اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔'

اورومو میں ایک کارکن جاور محمد کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد زخمی۔ انھوں نے کہا لوگوں پر فوجیوں اور گن شپ ہیلی کاپٹر سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث لوگ پہاڑی سے گر کر جھیل میں گرے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

تاہم ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایتھیوپیا میں خونریز جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اورومیو اور امہارا کے علاقوں میں لوگوں نے سیاسی اور معاشی استحصال کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں