میتھیو طوفان سے 400 ہلاکتیں، فلوریڈا سے چند گھنٹے دور

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

ہیٹی میں حکومت کا کہنا ہے کہ میتھیو طوفان کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چار سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں روشے آ بیتیو کا قصبہ بھی شامل ہے جہاں تقریباً 50 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

روشے آ بیتیو کے قریبی شہر جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، جبکہ صوبہ سُڈ میں 30 ہزار سے زیادہ مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

میتھیو طوفان جو تیسرے درجے کے طوفان میں بدل چکا ہے اب 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طوفان فلوریڈا کے ساحلوں سے چند گھنٹے دور رہ گیا ہے، تاہم یہ بتانا مشکل ہے کہ آیا طوفان فلوریڈا کے زمینی علاقوں پر گرے گا یا نہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں

فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ نے خبردار کیا ہے کہ عفریت کا رخ فلوریڈا کی جانب ہے اور یہ تباہ کن ہو سکتا ہے۔

خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میتھیو طوفان فلوریڈا، جورجیا، ساؤتھ کیرولینا اور نارتھ کیرولینا کو متاثر کر سکتا ہے۔

ایک مقامی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ صرف جنوبی قصبے روشے آ بیتیو میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے۔

ہیٹی کے دور دراز کے متاثرہ علاقوں سے موصول ہونے والی تازہ تصاویر میں تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ایک مرتبہ پھر اس طوفان کو کیٹیگری فور میں رکھا گیا ہے اور اسے دوسرا شدید ترین طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایک مقامی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ صرف جنوبی قصبے روشے آ بیتیو میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے

میتھیو طوفان ہیٹی میں تباہی کے بعد اب باہماس کے اوپر سے گزر رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ جمعے کی صبح فلوریڈا سے ٹکرائے گا۔

امریکی حکام کے مطابق فلوریڈا، جورجیا اور جنوبی کیرولائنا میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا گیا ہے۔

طوفان سے شمالی کیرولائنا کے علاقے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

فضا سے حاصل کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیٹی کے جنوب مغربی قصبے جیریمی میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ ہیٹی میں آنے والے طوفان 'میتھیو' سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جو کہ رواں ہفتے کے اختتام پر ہونا تھے۔

جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں۔

ہیٹی میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مورد وہبا کا کہنا ہے کہ تقریباً دس ہزار افراد عارضی خیموں میں ہیں جبکہ ہسپتالوں میں مزید جگہ نہیں ہے۔

وزیر داخلہ فرانسز اینک جوزف نے بتایا ہے کہ 'ہم یہ جانتے ہیں کہ کئی، کئی مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ بعض مکانات کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں جنھیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ دیگر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption hurricane

اسی بارے میں