یروشلم میں فلسطینی شخص کی فائرنگ سے دو اسرائیلی ہلاک

اسرائیل

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشن

حملہ آور بھی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے

اسرائیل میں پولیس کا کہنا ہے کہ مشرقی یروشلم میں کار میں سوار ایک فلسطینی شخص کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور ایک اسرائیلی راہگیر ہلاک ہوگئے ہیں۔

اس حملے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مسلح شخص نے ایک ٹرام سٹاپ پر فائرنگ کی اور پھر گاڑی بھگا دی۔ پولیس کا پیچھا کرنے پر اس نے گاڑی روک پر پولیس اہلکار پر فائرنگ کی جس سے پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

حملہ آور بھی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے 'اسرائیلی ہولیس کی بروقت کارروائی کی تعریف کی ہے۔'

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ‌آور مشرقی یروشلم کا فلسطینی تھا۔

اس واقعے کے بعد پولیس ہیڈکوارٹرز کے قریب واقع ٹرام سٹیشن کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والی راہگیر 60 سالہ خاتون ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2015 سے 35 اسرائیلی فلسطینیوں اور اسرائیلی عربوں کے حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق اس دوران 200 سے زائد فلسطینی حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

اسرائیل فلسطینیوں پر اشتعال انگیزی کا الزام عائد کرتا ہے جبکہ فلسطینی قیادت ان حملوں کا الزام دہائیوں سے اسرائیلی قبضے سے پیدا ہونے والی مایوسی پر عائد کرتی ہے۔