ناروے کا فن لینڈ کو پہاڑی دینے سے انکار

پہاڑی
،تصویر کا کیپشن

ناروے کی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پہاڑی کو فن لینڈ کو نہیں دے سکتیں کیونکہ ملک کے آئین کے مطابق وہ ملک کا علاقہ کسی کو نہیں دے سکتیں

ناروے نے اپنے ہمسایہ ملک فن لینڈ کی آزادی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر اپنی ایک پہاڑی فن لینڈ کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ مہم چلائی گئی تھی کہ اگلے سال فن لینڈ کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے پر ہالٹی پہاڑی کو فن لینڈ کو دے دیا جائے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کی سرحد اس پہاڑ کی چوٹی سے گزرتی ہے۔

تاہم ناروے کی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پہاڑی کو فن لینڈ کو نہیں دے سکتیں کیونکہ ملک کے آئین کے مطابق وہ ملک کا علاقہ کسی کو نہیں دے سکتیں۔

ہالٹی پہاڑ کا کچھ حصہ فن لینڈ میں ہے لیکن اس کی چوٹی ناروے کی سرحد کے 20 میٹر اندر ہے۔

مہم چلانے والوں کا کہنا تھا کہ سرحد کو تھوڑا تبدیل کر دیا جائے تاکہ پہاڑ کی چوٹی فن لینڈ میں آئے اور اتنی معمولی سی تبدیلی نقشوں پر نظر بھی نہیں آئے گی۔

سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کا کہنا تھا کہ یہ چوٹی فن لینڈ کی آزادی کی صد سال تقریبات کے لیے بہترین تحفہ ہو گا۔

فیس بک پر مہم کو فن لینڈ اور ناروے میں 17 ہزار لائکس مل چکے ہیں لیکن اس مہم کو بہت بڑی قانونی رکاوٹ کا سامنا ہے۔