حلب پر بمباری، ’شام اور روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امریکہ نے روس اور شام کو خبر دار کیا ہے کہ اگر حلب پر بمباری جاری رہی تو دونوں ممالک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے حلب میں صورتحال کو سب سے بڑا انسانی بحران قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ روس کو اس بات کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ جنگ سیاسی حل کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی۔

جان کیری شام کی صورتحال کے پر امن حل کے لیے برطانیہ میں ہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جان کیری نے کہا کہ حلب میں انسانیت کے خلاف جرائم روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔

بورس جانسن نے بھی روس سے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کر کے شامی عوام کی مدد کرے۔ 'جنگ بندی کی ضرورت ہے اور اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ جنیوا میں دوبارہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔'

شام میں گذشتہ ماہ ہونے والے جنگ بندی چند روز ہی قائم رہی۔ جس کے بعد سے روسی فوجوں کی مدد سے شامی حکومت نے حلب میں باغیوں کے خلاف حملے جاری رکھے۔ ان حملوں کو واشنگٹن جنگی جرائم قرار دے رہا ہے۔

جان کیری اور بورس جانسن کی بات چیت یمن میں جاری جنگ سے شروع ہوئی جس کے بارے میں دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ یمن جنگ بندی کی جائے۔

جان کیری نے کہا 'یہ وقت غیر مشروط جنگ بندی کا ہے جس کے بعد مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں