ایکواڈور نے اسانژ کی انٹرنیٹ تک رسائی محدود کر دی

جولین اسانج تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جولین اسانژ 2012 سے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں مقیم ہیں

ایکواڈور نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانژ کی انٹرنیٹ تک رسائی جزوی طور پر محدود کر دی ہے۔

اسانژ نے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لے رکھی ہے۔

ایکواڈور نے کہا ہے کہ اسانژ نے حالیہ ہفتوں میں ایسا مواد افشا کیا ہے جس سے امریکی صدارتی انتخاب پر اثر پڑ سکتا ہے۔

تاہم اس نے یہ بھی کہا کہ یہ قدم واشنگٹن کے دباؤ کے تحت نہیں اٹھایا جا رہا۔

امریکہ نے وکی لیکس پر نشر ہونے والے اس الزام کی تردید کی ہے کہ اس نے ایکواڈور سے کہا تھا کہ وہ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے بارے میں دستاویزات شائع کرنا بند کر دے۔

جولین اسانژ جنسی حملے کے الزامات کے تحت سویڈن منتقل کیے جانے سے بچنے کے لیے 2012 سے ایکوڈور کے سفارت خانے میں رہ رہے ہیں۔

ایکواڈور کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وکی لیکس کا دستاویزات شائع کرنے کے فیصلے کا امریکی صدارتی انتخابات پر ممکنہ اثر پڑ سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایکواڈور انتخابی عمل میں دخل اندازی نہیں کرنا چاہتا۔ انھوں نے مزید کہا کہ 'ایکواڈور دوسرے ملکوں سے دباؤ قبول نہیں کرتا۔'

وکی لیکس نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ ایکواڈور نے ہفتے کی شام اسانژ کا انٹرنیٹ کاٹ دیا تھا۔

وکی لیکس ہلیری کلنٹن کی مہم کے بارے میں مواد جاری کر رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption وکی لیکس نے ہلیری کلنٹن کی گولڈ مین سیکس بینک میں کی گئی تقاریر کے مسودے افشا کر دیے ہیں

اس نے ہفتے کو ہلیری کلنٹن کی تقاریر کے مسودے نشر کیے تھے جو انھوں نے امریکی بینک گولڈ مین سیکس میں کی تھی۔ کلنٹن کی مہم نے یہ تقاریر نشر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

نامہ نگاروں کے مطابق بینک کے افسران کے ساتھ کلنٹن کے ای میلز کے تبادلے سے لبرل ڈیموکریٹس کو تشویش ہے کہ ہلیری کلنٹن کے وال سٹریٹ سے قریبی تعلقات ہیں۔

کلنٹن کی مہم نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کام روسی ہیکروں نے کیا ہے جو امریکی جمہوری عمل میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں۔ تاہم اس نے افشا ہونے والے ای میلز کی درستی کی تصدیق نہیں کی۔

ایک ای میل میں کلنٹن نے گولڈ مین سیکس کی کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ شام میں خفیہ مداخلت کرنا چاہتی ہیں۔

بینک نے کلنٹن کو تقریر کرنے کے لیے سوا دو لاکھ ڈالر ادا کیے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں