کوسوو: اسرائیلی فٹبال ٹیم پر داعش کا حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ
کوسوو کی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسرائیل کی فٹبال ٹیم پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی ہے۔
پولیس کے مطابق دولتِ اسلامیہ البانیہ میں ہونے والے فٹبال کے عالمی مقابلوں کے کوالیفائنگ روانڈ کے میچ میں اسرائیل کی ٹیم کو نشانہ بنانا چاہتی تھی۔
پولیس نے ٹیم پر حملے اور کوسوو میں شدت پسند حملوں کی منصوبہ سازی کے سلسلے میں 19 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
حراست میں لیے گئے افراد کے پاس سے دھماکہ خیز آلات اور ہتھیار سمیت جہادی مواد بھی ملا ہے۔
دولتِ اسلامیہ کے حملے کی منصوبہ بندی کا پتہ لگنے کے بعد اسرائیل کے میچ کو البانیہ سے دوسرے شہر منتقل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے شام میں موجود دو البانوی جنگجوؤں کے ساتھ رابطے میں تھے۔
حراست میں لیے گئے کچھ افراد کو بعد میں رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اُنھیں یقین ہے کہ مشتبہ افراد کے 'اہداف واضع' تھے۔
کوسوو نے سنہ 1999 میں سربیا سے علیحدہ ہو کر آزاد ریاست بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اقوام متحدہ اسے علیحدہ ریاست تسلیم نہیں کرتے ہے۔