کار چور ریموٹ چابیوں کے لیے جیمرز کا استعمال کر سکتے ہیں

چابی تصویر کے کاپی رائٹ Think stock
Image caption ریموٹ چابیوں کے سگنل ریڈیائی لہروں کے ذریعے گاڑیوں تک پہنچتے ہیں

برطانوی میں پولیس نے خبردار کیا ہے کہ چور موٹر وے سروس سٹیشنوں پر پارک کی گئی گاڑیوں کو چرانے کے لیے ریڈیو جیمرز کا استعمال کر رہے ہیں۔

ٹیمز ویلی پولیس کا کہنا ہے کہ جب مالکان ریموٹ سے گاڑی لاک کرتے ہیں تو چور جیمرز کی مدد سے ریموٹ کے سگنل میں خلل ڈال کر گاڑی کو پوری طرح سے لاک ہونے سے روک دیتے ہیں۔

مالک اس اطمینان سے چلا جاتا ہے کہ اس کی گاڑی لاک ہو گئی ہے، لیکن وہ دراصل کھلی ہوتی ہے اور چور اسے لے اڑتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حال ہی میں 14 ایسی چھوٹی بڑی گاڑیاں چوری کی گئیں جنھیں چرانے کے لیے انھیں توڑا نہیں گیا۔

پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ گاڑیوں کو چھوڑنے سے پہلے اسے اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں کہ گاڑی مکمل طور پر لاک ہے یا نہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Google
Image caption پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ گاڑیوں کو چھوڑنے سے پہلے اسے اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں

ریموٹ چابیوں کے سگنل ریڈیائی لہروں کے ذریعے گاڑیوں تک جاتے ہیں۔ جیمرز سے ان سگنلوں میں خلل ڈالا جا سکتا ہے اور اس سے گاڑی کے ساتھ رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔

یہ آلہ ایک بڑے احاطے میں استعمال ہو سکتا ہے جس سے چور پوری کار پارکنگ میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

چور انتظار کرتے ہیں کہ گاڑی کا مالک ریموٹ چابی سے گاڑی کو لاک کرے اور بنا لاک کی تصدیق کیے چلا جائے اور وہ اس کی گاڑی تک باآسانی رسائی حاصل کر لیں۔

کئی بغیر چابی والی جدید گاڑیاں آسانی سے اس ہتھکنڈے کا شکار بن سکتی ہیں۔