آسٹریلیا: لیٹر باکس کی غلطی سے مکان منہدم

تصویر کے کاپی رائٹ A CURRENT AFFAIR/9NEWS.COM.AU
Image caption ورکرز نے اس مکان کو گرانا شروع کر دیا جبکہ اصل میں پرزسی کا دوسرا مکان گرانا تھا

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رہنے والا تاجر جب اپنے گھر واپس آیا تو اُن کا مکان منہدم ہو چکا تھا۔ ایسا اس لیے ہوا کہ اُن کے مکان پر غلط ایڈریس درج تھا۔

سٹیو بلاز کا کہنا ہے کہ اُن کے دوست نے دفتر میں انھیں فون کر کے بتایا کہ 'آپ کا مکان منہدم کیا جا رہا ہے۔'

عمارتوں کو منہدم کرنے والی کمپنی 'ڈینیئلز ڈیمولیشن' کے ملازمین کو بینک سٹاؤن کے علاقے میں میریئن سٹریٹ پر واقع مکان نمبر 200 کو گرانے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

مسٹر بلاز مکان نمبر 198 میں رہتے ہیں لیکن اُن کے مکان کے باہر لیٹر باکس پر غلط نمبر درج تھا۔

بلاز بھاگتے ہوئے جب گھر واپس آئے تو دیکھا کہ ورکرز ان کے مکان کو گرا رہے ہیں۔ انھوں نے جھگڑے سے بچنے کے لیے فورا پولیس کو بلایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ A CURRENT AFFAIR/9NEWS.COM.AU
Image caption علاقے کے متعلقہ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مکان گرانے میں غلطی ہوئی ہے اور میریئن سٹریٹ پر بلاز کا مکان 196 اور 200 کے درمیان میں واقع ہے

انھوں نے بتایا: 'پولیس نے انھیں مکان گرانے سے روکا، ان کی تفصیل طلب کی۔ پولیس نے ان سے کہا کہ آپ لوگوں نے جلد بازی میں بڑی غلطی کردی ہے۔ آپ نے غلط مکان کو مسمار کیا ہے۔'

بلاز کی عمارت پر ایک لیٹر باکس لگا ہوا ہے جس پر 200 نمبر درج ہے جبکہ حقیقت میں وہ رہتے 198 نمبر کے مکان میں ہیں۔ 200 نمبر کا مکان در اصل ان کے پڑوسی کا ہے جسے منہدم کیا جانا چاہیے تھا لیکن وہ نمبر دھندلا ہوگيا تھا جس کی وجہ سے یہ کنفیوژن پیدا ہوا۔

مسٹر بلاز کا کہنا تھا کہ قسمت اچھی تھی کہ اس وقت مکان میں کوئی موجود نہیں تھا ورنہ مکان میں موجود افراد کو بھی نقصان پہنچ سکتا تھا۔

علاقے کے متعلقہ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مکان گرانے میں غلطی ہوئی ہے اور میریئن سٹریٹ پر بلاز کا مکان 196 اور 200 کے درمیان میں واقع ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں